’مر جانا قبول ہے لیکن ان کے ساتھ جانا منظور نہیں‘

   

چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی بی جے پی پر شدید تنقید

پٹنہ:بہار میں بی جے پی اور جنتا دل یو کے پھر سے اتحاد کی قیاس آرائیوں کے درمیان پیر کے روز بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بی جے پی پر شدید تنقید کی ہے۔ انھوں نے صاف لہجے میں کہہ دیا ہے کہ مر جانا قبول ہے لیکن اب ان کے ساتھ جانا منظور نہیں۔ پٹنہ میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے بی جے پی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی انتخاب تو ہونے دیجیے، سب پتہ چل جائے گا۔ ساتھ ہی سوال کیا کہ انھیں (بی جے پی والوں کو) بہار کے بارے میں کچھ معلوم ہے؟نتیش کمار نے کہا کہ ہم لوگ تو اٹل جی کو ماننے والے تھے اس لیے ان کے ساتھ تھے۔ اس کے بعد تو ہم لوگوں نے انھیں چھوڑ دیا تھا، بعد میں 2017 میں ساتھ لے آئے۔ بعد میں لگ گیا کہ وہ بالکل غلط تھے۔ انھوں نے کہا کہ 2020 کے انتخاب میں جو ہمارے ساتھ کیا گیا وہ سبھی کو بتا چکا ہوں۔ وہ وزیر اعلیٰ نہیں بننا چاہتے تھے، لیکن زبردستی وزیر اعلیٰ بنا دیا گیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ لوگ ہم لوگوں کے ہی ووٹ سے انتخاب جیتے ہیں۔نتیش کمار نے صحافیوں سے کہا کہ وہ اچھی طرح سے جان لیں کہ اب کبھی بھی ان کے ساتھ جانا قبول نہیں، بلکہ اس سے اچھا تو مر جانا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اتوار کو بی جے پی کی ریاستی ایگزیکٹیو کی میٹنگ کے بعد بی جے پی نے بھی اعلان کیا تھا کہ نتیش کمار بہار کی سیاست میں بوجھ بن گئے ہیں۔ بی جے پی نے صاف لفظوں میں کہا کہ مستقبل میں نتیش کمار کے ساتھ قطعی کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔