نئی دہلی، 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)مرکزی وزارت داخلہ نے کرونا وبا کے پیش نظرپورے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مختلف جگہوں پر راحت کیمپوں میں رہ رہے مزدوروں کے لئے اسی ریاست میں کام کرنے سے متعلق معیاری لائحہ عمل آج جاری کردیئے گئے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی مزدور کو ریاست سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مرکزی داخلہ سکریٹری نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ انہیں اس معیاری لائحہ عمل پر سختی سے نفاذ کرنے کو یقینی بنانا ہوگا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی ہدایات میں 20 اپریل سے ہاٹ اسپاٹ سے الگ علاقوں میں کچھ مزید سرگرمیوں کی منظوری دی گئی ہے ۔ ایسے میں راحت کیمپوں میں پھنسے مزدوروں سے فیکٹریوں، مینوفیکچرنگ یونٹوں، تعمیراتی کاموں، کھیتوں اور منریگا کے تحت کام کیا جاسکتا ہے ۔ یہ کام جن ریاستوں میں یہ مزدور پھنسے ہوئے ہیں انہیں ریاستوں میں کرانے کی اجازت ہوگی۔ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ ان کیمپوں میں رہنے والے مزدوروں کا مقامی ایجنسیوں کے ذریعہ رجسٹرڈ کرکے ان کے لئے مناسب کام کا پتہ لگانا ہوگا۔ کام پر بھیجے جانے سے پہلے ان سبھی مزدوروں کی اسکریننگ کی جائے گی اور اگر ان میں بیماری کی علامت نہیں پائے گئے تو انہیں کام پر بھیجا جائے گا۔ یہ کام انہیں اسی ریاست میں کرنا ہوگا جس میں ان کا کیمپ پے ۔ انہیں بسوں میں لے جایا جائے گا اور اس معاملے میں سوشل ڈسٹنسنگ کاخیال رکھا جائے گا۔