مسئلہ کشمیر سے عام انتخابات غیرمتاثر : میرواعظ

   

سرینگر ۔ /12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے کی جانب سے تفتیش کا سامنا کرنے کے بعد نئی دہلی سے سرینگر واپس ہونے والے حریت کانفرنس کے صدرنشین میرواعظ عمر فاروق نے جامع مسجد سرینگر میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے آج کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں ان کی پارٹی کی پالیسی کے بارے میں ایک قرارداد منظور کی جاچکی ہے ۔ اگر آج نہیں تو کل اس مسئلہ کا پرامن حل نکل آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے آگے پاکستان اور کشمیر کی قیادت سے بات چیت کے ذریعہ اس مسئلہ کی یکسوئی کے سوائے کوئی متبادل موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا موقف تبدیل نہیں کریں گے ۔ کیونکہ ہماری پالیسی طاقت کا استعمال کرنے کے بجائے تعاون کا تقاضا کرتی ہے ۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے جو نماز جمعہ کیلئے جامع مسجد میں حاضر ہوئے تھے علحدگی پسند قائد نے کہا کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اسے مذاکرات کے ذریعہ ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔