سیول سرویس میں مسلمانوں کی نمائندگی کم ، اردو یونیورسٹی کے مذاکرہ سے آئی پی ایس عہدیدارقیصر خالد کا خطاب
حیدرآباد۔/26 ستمبر، ( سیاست نیوز) جناب قیصر خالد ( آئی پی ایس ) نے کہا کہ سرپرستوں اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں اور طلبہ میں کامیابی کیلئے جذبہ اور کڑی محنت کی رہنمائی کریں تاکہ اونچے خواب سچ ثابت ہوں۔ انہوں نے کہاکہ بچوں میں جب تک محنت اور جذبہ پیدا نہ کیا جائے اس وقت تک کامیابی ممکن نہیں ہے۔ یہ کام سختی کے بجائے نرمی اور حوصلہ افزائی کے ذریعہ کیا جانا چاہیئے۔ جناب قیصر خالد مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں آن لائن مذاکرہ سے خطاب کررہے تھے۔ اسکول برائے تعلیم و تربیت اور ماڈل اسکول کے زیر اہتمام مسابقتی تیاری کے موضوع پر مذاکرہ منعقد کیا گیا تھا۔ جناب قیصر خالد نے مسابقتی امتحانات اور خاص طور پر سیول سرویس میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں کو بہتر تربیت کی ضرورت ہے۔ انچارج رجسٹرار پروفیسر صدیقی محمد محمود کے علاوہ پروفیسر محمد مشاہد صدر شعبہ تعلیم و تربیت نے مخاطب کیا۔ یہ مذاکرہ یو ٹیوب اور دیگر سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر لائیو پیش کیا گیا۔ مذاکرہ میں شریک افراد نے جناب قیصر خالد سے مختلف سوالات کئے۔ جناب قیصر خالد بہار کے انتہائی مقبول نوجوان آئی پی ایس عہدیدار ہیں جو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ ر