مسافرین کو آسان سفر کیلئے میٹرو موبلیٹی کارڈ فراہم کرنیکی تجویز

   

میٹرو، ایم ایم ٹی ایس، آر ٹی سی، ٹیکسی اور آٹوز میں سفر کی سہولت، حصوصی سافٹ ویئر کی تیاری

حیدرآباد 26 اگسٹ (سیاست نیوز) شہری مسافرین کو آسان سفر کی سہولیات بہم پہنچانے کی غرض سے شہری ٹرانسپورٹ کے شعبہ جات نے آپسی تال میل کے ذریعہ اقدامات کا آغاز کیا ہے اور ماہ ڈسمبر میں میٹرو کاریڈار 2 کے افتتاح کے بعد ان اقدامات پر عمل آوری شروع کی جائے گی اس سے قبل ہی تجرباتی طور پر جائزہ لیا جائے گا۔ شدید ٹریفک سے پریشان حال شہری عوام کو روڈ ٹرانسپورٹ سہولیات میں سے بروقت جو بھی سہولت دستیاب رہے گی اس سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ مصروف ترین شہری زندگی میں غیر معمولی اوقات کے صحیح مصرف کو مدنظر رکھتے ہوئے مسافرین کو ’’کامن ٹراول ٹکٹ کارڈ‘‘ فراہم کرنے سے متعلق حکومت اقدامات کررہی ہے۔ میٹرو موبلیٹی کارڈ کے نام سے جاری کیا جانے والا یہ کارڈ مسافرین کے پاس ہونے پر وہ میٹرو ریل کے ساتھ ساتھ جڑواں شہروں میں مسافرین کو سفر کی سہولیات فراہم کرنے والی ایم ایم ٹی ایس ریلوں، سٹی آر ٹی سی بسوں، آٹوز، ٹیکسیوں میں بناء ٹکٹ کے سفر کرسکتے ہیں۔ البتہ ان کارڈس کی قیمت ایک تا 2 ہزار روپئے ہوسکتی ہے اور کارڈ میں موجود رقم ختم ہونے پر مسافرین کو بہ آسانی ری چارج کی سہولت بھی رہے گی اور اس کارڈ کے ذریعہ مسافرین کسی بھی قسم کے ٹرانسپورٹ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ واضح ہوکہ موجودہ ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت مسافرین کسی بھی قسم کے ٹرانسپورٹ کا استعمال کرے اسے متعلقہ ٹرانسپورٹ کو ٹکٹ کی شکل میں رقم ادا کرنی پڑتی ہے اور مسافرین کو ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے طویل قطاروں میں کھڑے رہنا پڑتا ہے۔ مگر مسافرین کو ان مشکلات سے چھٹکارا دلانے کے مقصد سے اب مذکورہ فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے لئے ایک خصوصی سافٹ ویر بھی تیار کیا گیا ہے اور فی الحال میٹرو ریل میں جو سافٹ ویر زیر استعمال ہے اس کی طرح اسمارٹ کارڈ کے مماثل نیا کارڈ جاری کیا جائے گا اور یہ کارڈ میٹرو ریل اسٹیشنس، شہری ریلوے اسٹیشنس کے علاوہ بس اسٹیشنس اور ایس بی آئی بینکوں میںد ستیاب ہوں گے۔