سیول : کورین ایئرلائنز کے مسافر طیارہ کو پستول کی گولیاں برآمد ہونے کے بعد خالی کروا لیا گیا۔ جنوبی کوریا کے انچیون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اڑان بھرنے سے قبل طیارہ میں سوار ایک مسافر سے 9 ایم ایم کی گولیاں برآمد ہوئیں۔ طیارہ کو صبح پونے 8 بجے منیلا روانہ ہونا تھا، 218 مسافر اور ایئرلائن عملے کے 12 افراد سوار تھے۔ مختلف سیکوریٹی چیکنگ کے بعد طیارہ نے صبح 11 بجے منیلا کیلئے اڑان بھری۔ کورین ایئر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایئرلائن پولیس تفتیش کے نتائج کا انتظار کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں اسلحہ رکھنے کے حوالے سے نہایت سخت قوانین ہیں۔ غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے جرم میں 15 سال قید اور 75 ہزار ڈالر تک جرمانہ ہوتا ہے۔