مساوی کام کیلئے مساوی تنخواہ، بھوپال میں مہاکرانتی ریالی

   

بھوپال، 12 اکتوبر (یو این آئی) مساوی کام کے لیے مساوی تنخواہ کا مطالبہ کرتے ہوئے اتوار کو مدھیہ پردیش کے مختلف محکموں کے آؤٹ سورس، عارضیجزوقتی اور پنچایت ملازمین بھوپال میں جمع ہوئے ۔ تلسی نگر کے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر پارک میں مہاکرانتی ریالی میں ہزاروں ملازمین نے مظاہرہ کیا۔آل ڈپارٹمنٹ آؤٹ سورس، عارضی جزوقتی، گرام پنچایت ایمپلائز یونائیٹڈ فرنٹ مدھیہ پردیش کے بینر تلے اس احتجاج میں بینک دوست، پنچایت چوکیدار، پمپ آپریٹر، پارٹ ٹائم چپراسی، اور ریونیو سرویئر سمیت کئی تنظیموں کے نمائندوں نے حصہ لیا۔سمیکت مورچہ کے صدر واسودیو شرما نے کہا کہ یہ تحریک ریاست بھر کے ان ملازمین کی مشترکہ آواز ہے جو برسوں سے غیر مستحکم روزگار اور معاشی ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ملازمین کی محنت کا احترام کرتے ہوئے مساوی کام کے لیے مساوی تنخواہ کی پالیسی نافذ کرنی چاہیے ۔شرما نے الزام لگایا کہ ریاست کا سرکاری نظام اب ٹھیکیداروں اور آؤٹ سورس کمپنیوں کے ہاتھ میں ہے ۔ اکثر محکموں میں مستقل کی بجائے عارضی اور آؤٹ سورس ملازمین کو تعینات کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم اجرت ملک میں سب سے کم ہے اور اسے بڑھا کر 21000 روپے ماہانہ کیا جانا چاہئے ۔احتجاج میں حصہ لینے والے گرام پنچایت چوکیدار رام نواس کیوٹ نے کہا کہ وہ پچھلے 25 برسوں سے چوکیدار کے طور پر کام کر رہے ہیں، لیکن آج بھی انہیں ماہانہ صرف 2000 روپے ملتے ہیں اور وہ بھی کئی ماہ کی تاخیر سے ۔ملازمین کے بنیادی مطالبات میں مساوی کام کے لیے مساوی تنخواہ کی پالیسی پر عمل درآمد، کلاس III اور IV کی خالی آسامیوں کو ریگولر کرنا، کنٹریکٹ سسٹم کو ختم کرنا اور بینک دوستوں کو براہ راست بینکوں سے منسلک کرنا شامل ہیں۔سمیکت مورچہ کے مطابق یہ احتجاج دو سال سے اجازت کا منتظر تھا۔
آخر کار بھوپال پولیس سے 12 اکتوبر کے لیے اجازت ملی۔ مورچہ کے رہنماؤں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں ایک ہی کام کرنے والے عارضی ملازمین کو مساوی تنخواہ دینے کی ہدایت کی ہے ، جس سے ان کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔