ظہیرآباد /2 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر سنگاریڈی ایم ہنمنت راؤ نے کل اپنے دورہ ظہیرآباد کے موقع پر جرنلسٹ کالونی میں زیر تعمیر مکانات کا معائنہ کرنے کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ صرف بے گھر اور مستحق افراد کو ہی ڈبل بیڈروم مکانات الاٹ کئے جائیں گے اور اس ضمن میں محکمہ مال کے عہدیداران جامع تحقیقات کریں گے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ریاستی حکومت نے غریب اور بے گھر افراد کو مکانات کی فراہمی کیلئے ڈبل بیڈروم امکنہ اسکیم متعارف کی ہے ۔ ضلع کلکٹر نے ڈبل بیڈروم مکانات کے الاٹمنٹ کیلئے کسی بھی عہدیدار ، کسی بھی سیاسی لیڈر اور کسی بھی درمیانی آدمی کوا یک روپیہ بھی نہ دینے اور اس ضمن مںی کسی بھی قسم کی شکایت پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ بھی دیا ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کی شروع کردہ تمام فلاحی اسکیمات سے کما حقہ استفادہ کریں ۔