راج بھون میں تقریب، رضاکارانہ تنظیموں اور کارپوریٹ اداروں سے حصہ لینے کی اپیل
حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر سوندرا راجن نے غریب و مستحق طالبات میں 100 سے زائد لیاپ ٹاپس تقسیم کئے تاکہ ان کی اعلیٰ تعلیم میں مدد ملے۔ گورنر نے آج راج بھون میں مستحق طلبہ کو تعلیمی آلات کی فراہمی سے متعلق مہم کی تقریب میں حصہ لیا۔ اکشیا ودیا فاؤنڈیشن کی جانب سے حیدرآباد کی 100 طالبات میں لیاپ ٹاپس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر خطاب میں گورنر نے کہا کہ علم کی طاقت کو منتقل کرکے صرف ایک فرد نہیں بلکہ تین نسلوں کو تعلیم یافتہ بنایا جاسکتا ہے۔ گورنر نے وسائل کی کمی کے باوجود تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی مساعی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ راج بھون نے عطیہ دہندگان اور طلبہ کے درمیان پُل کا کام کیا جس کے ذریعہ مستحق طلبہ کی مدد کی جارہی ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات، اداروں اور کارپوریٹ اداروں سے اس مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی تاکہ غریب اور مستحق طلبہ کی مدد کی جاسکے۔ اس موقع پر اکشیا ودیا فاؤنڈیشن کے بانی ایس جناردھن کے علاوہ فاؤنڈیشن کے دیگر ارکان اور طلبہ و سرپرستوںکی کثیر تعداد موجود تھی۔ طالبات نے لیاپ ٹاپس کی فراہمی کیلئے گورنر کی شروع کردہ مہم پر اظہار تشکر کیا۔ واضح رہے کہ گورنر نے سال نو کے موقع پر ملاقات کرنے والوں سے اپیل کی تھی کہ وہ پھول اور گلدستوں کے بجائے طلبہ کیلئے نوٹ بکس یا تعلیمی آلات کا انتظام کریں تاکہ مہم میں اضافہ ہو۔1