مستحق طلباء وطالبات کو دسویں تا پی جی نصابی کتاب فراہم کرنے بک بینک

   

سیاست ۔ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے قیام ، کتابوں کا عطیہ دینے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ضرورت مند طلبہ کی اگر کوئی مدد کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ قدرت ان پر مہربان ہے ۔ اس معاملہ میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین بڑے خوش قسمت ہیں ہونہار و مستحق طلباء وطالبات کی مدد میں ان دونوں شخصیتوں کے ساتھ ساتھ مرحوم منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں نے ہمیشہ طلبہ کی ہر طرح مدد کرنے کی کوشش کی جن میں مستحق طلبہ کو دسویں جماعت سے لے کر پی جی تک نصابی کتب فراہم کرنے کی کوشش بھی شامل تھی ۔ چنانچہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ (SIAFAT) نے ظہیر الدین علی خاں صاحب مرحوم کی خواہش کے مطابق مسجد خزانہ آب دودھ باولی میں بک بینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس مسجد میں پہلے ہی سے SIAFAT کی جانب سے ایل ای ڈی میکنگ ، موبائل ٹکنیشن اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب جیسے کورس مفت میں سکھائے جارہے ہیں ۔ دفتر فیض عام ٹرسٹ میں اس ضمن میں آج ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے کی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جناب ظہیر الدین علی خاں مرحوم ہمیشہ مستحق طلبہ کی مدد کے لیے فکر مند رہا کرتے تھے چنانچہ جب مسز نجیبہ حیدر نے ضرورت مند طلبہ کے لیے بک بینک کی تحریک پیش کی تب ظہیر صاحب نے اسے بہت پسند کیا اور آگے بڑھایا ۔ جناب افتخار حسین نے مزید کہا کہ انشاء اللہ وہ ملت کی خدمت سے متعلق ظہیر صاحب مرحوم کی وراثت کو آگے بڑھائیں گے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جو طلبہ کتابیں خرید نہیں سکتے ان کے لیے یہ بک بینک ایک نعمت ثابت ہوگی ۔اجلاس میں ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ جناب رضوان حیدر ، دکن مجلس عاملہ سید حیدر علی ، منیجر فیض عام ٹرسٹ سید عبدالستار فیلڈ آفیسر اعظم خاں اور شیخ اکرم کپڑا بینک انچارج بھی شریک تھے ۔ واضح رہے کہ اس بک بینک میں میڈیسن ، انجینئرنگ ، بزنس اڈمنسٹریشن ، قانون جیسے پیشہ وارانہ کورسیس کی کتابیں بھی دستیاب رہیں گی ۔ جناب افتخار حسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دسویں تا پی جی مختلف کورسیس کی کتابوں کا عطیہ دیں تاکہ مستحق طلبہ کی مدد کی جاسکے ۔ اس کے لیے مسجد خزانہ آب دودھ باولی پر عبدالستار سے 9346532716 پر وینکٹیش سے 9700165914 پر ربط کریں ۔۔