حیدرآباد : /6 اگست (سیاست نیوز) وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے کل کہا کہ ریاست کی مستقبل کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ آئیل پام کی کاشت کو بڑھاوا دینے کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان اسمبلی ایس وینکٹ ویرئیا ، ایم کشن ریڈی اور دیگر کی جانب سے کئے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے نرنجن ریڈی نے کہا کہ ملک میں خوردنی تیل کا فی کس استعمال سالانہ 19 کلو گرام ہے یا 250 لاکھ میٹرک ٹن جبکہ ملک میں اس کی پیداوار صرف 132 لاکھ میٹرک ٹن ہے ۔ سپلائی میں کمی سے ملیشیاء جیسے ممالک سے درآمد کرنا ضروری ہوجاتا ہے ۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے آئیل پام کی کاشت کو بڑھانے کیلئے سرگرم اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ 1992-93 ء سے ریاست آئیل پام کی کاشت کیلئے 1.54 لاکھ ایکرس کو مخصوص کردیا گیا ، ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد 1.18 لاکھ ایکرس کا اضافہ کیا گیا ۔ وزیر زراعت نے کہا کہ ریاستی حکومت آئیل پام کی کاشت میں مدد کیلئے کسانوں کو 50,918 روپئے فی ایکر کی شرح سے سبسیڈیز فراہم کررہی ہے ۔