ریاض : مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں سماجی فاصلے کے بغیر پہلی باجماعت نماز ادا کی گئی ہے جس میں پُرنور مناظر دیکھنے کو ملے۔میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں صحت کے امور کے نگراں کی جانب سے سماجی فاصلے کی پابندی کو ختم کردیا گیا ہے جس کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں پہلی نماز سماجی فاصلے اور کورونا قواعد کے بغیر ادا کی گئی ہے۔ سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق نماز کے دوران سماجی فاصلے رکھنے کی پابندی کو ختم کیا گیا ہے تاہم نمازیوں کے لئے ماسک پہننا ابھی بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں سعودی عرب میں دیگر تمام کھلے اور بند مقامات پر بھی سماجی فاصلے کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں متعدد کورونا پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق سعودی عرب آنے والے مسافروں کیلئے پی سی آر ٹسٹ اور قرنطینہ کی شرائط کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد کیا گیا ہے۔دوسری جانب سعودی عرب کے حکام کی جانب سے مسجد الحرام میں نماز اور مسجد نبویؐ میں زیارت کے لئے اجازت نامے کی شرط کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ سعودی وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبویؐ میں روضہ مبارک ؐمیں نماز کی ادائیگی کے لئے توکلنا اور اعتمرنا کے ذریعہ پیشگی اجازت نامے کی شرط کو برقرار رکھا گیا ہے۔اس حوالے سے سعودی وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ اور روضہ میں پیشگی اجازت نامہ زائرین کو منظم کرنے اور بھیڑ سے بچنے کے لئے رکھا گیا ہے۔