مکہ مکرمہ ۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مقدس مساجد میںکورونا وائرس سے بچاؤ اور سینیٹائزنگ کے لئے اسمارٹ روبوٹ کا افتتاح کیا ہے۔ اسمارٹ روبوٹ بند مقامات پر وبا کے انسداد میں معاون ثابت ہوگا۔ سینیٹائزنگ کا کام موثر شکل میں انجام دیا جاسکے گا۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ جدید روبوٹ کے استعمال سے وبا اور بیماریوں کا سدباب ہوگا۔ بیماریوں کو پھیلنے سے روکا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ مقدس مساجد کی انتظامیہ کا بڑا نصب العین یہی ہے کہ زائرین کورونا وائرس سے محفوظ رہیں اور وہ اس وبا سے محفوظ رہیں۔ اسمارٹ روبوٹ پیشگی انتباہ والے انتظام سے آراستہ ہے اور یہ بند مقامات کی سینیٹائزنگ کرے گا۔کیمرے سے لیس روبوٹ بیٹری سے ریچارج کیے جانے کے بعد پانچ سے آٹھ گھنٹے انسانی مداخلت کے بغیر کام کرسکے گا۔ اس میں 23.8 لٹر محلول رکھنے کی گنجائش ہے۔ ایک گھنٹے میں دو لٹر دواکا اسپرے کرتا ہے۔ ایک مرتبہ 600 مربع میٹر کے بند حصے میں موجود بیکٹریاکا خاتمہ کردیتا ہے۔ دس میٹر آگے تک کی رکاوٹوں کا پتہ لگا لیتا ہے۔دریں اثنا ڈاکٹر السدیس نے مسجد الحرام میں موسمی انفلوائنزا ویکسین مہم کی سرپرستی کی ہے۔ مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین اور انتظامیہ کے عہدیداروں کو ویکسین دی جارہی ہے۔