مسجد الحرام میں سینیٹائزنگ گیٹس کا تجربہ

,

   

ریاض۔7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایڈوانسڈ سینیٹائزنگ گیٹس تجرباتی ہیں۔ رمضان کے آخری عشرے میں انہیں استعمال کرنے کی خبریں درست نہیں ہیں۔ پریذیڈنسی کے ترجمان ھانی بن حسنی حیدر نے کہاہے کہ ایڈوانسڈ سینیٹائزنگ گیٹس سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا یہ دعویٰ درست نہیں کہ یہ گیٹس رمضان کے آخری عشرے میں مسجد الحرام کے زائرین کے لیے نصب کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ان دنوں سوشل میڈیا پر ایڈوانسڈ سینیٹائزنگ گیٹس کی تصاویر وائرل ہیں۔ جن میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ مقدس مساجد کی انتظامیہ نے یہ گیٹ تیار کروائے ہیں تاکہ رمضان کے آخری عشرے میں انہیں حرم مکی کے بیرونی صحنوں میں نصب کیا جاسکے۔جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں جو ایڈوانسڈ سینیٹائزنگ گیٹس دکھائے جارہے ہیں یہ تجرباتی ہیں۔مسجد الحرام کے دروازوں اور صحنوں میں ان کا تجربہ ہوگا۔ تجربہ کامیاب ہونے کی صورت میں ان سے استفادہ کیا جا سکے گا۔جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس دعویٰ کی کوئی حقیقت نہیں کہ یہ گیٹ رمضان کے آخری عشرے میں زائرین کے لیے نصب کیے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا کا یہ دعویٰ محض افواہ ہے اس پر کان نہ دھرا جائے۔ترجمان کے مطابق مقدس مساجد کی انتظامیہ نئے کورونا وائرس سے زائرین حرم کو بچانے کے لیے تمام ممکنہ حفاظتی انتظامات کر رہی ہے۔اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کا تعاون بھی لیا جا رہا ہے۔ مقدس مساجد کے تمام عملے کو کورونا کی وبا سے بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ مقدس مساجد سے متعلق تمام اطلاعات جنرل پریذیڈنسی اور اس کی ویب سائٹ سے ہی حاصل کریں۔