مدینۃ المنورہ : حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد نبوی ﷺ کے صحنوں میں بچھے سرخ قالینوں کو نئے سبز قالینوں سے تبدیل کر دیا ہے۔اس موقع پر حرمین شریفین کے امور کے نگرانِ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس بھی موجود تھے۔ مسجد نبویﷺ کے صحنوں کیلئے مقامی طور پر 12 ہزار سبز قالین تیار کیے گئے ہیں۔ ان قالینوں کی تیاری انتہائی باریک بینی کے ساتھ خاص شرائط کی روشنی میں عمل میں آئی ہے۔ اس کا مقصد زائرین اور نمازیوں کو مکمل راحت اور آرام پہنچانا ہے۔ان قالینوں کو اعلی ترین معیار پر تیار کیا گیا ہے تا کہ یہ نہایت پائیدار رہیں اور بار بار دھلائی کے سبب ان کا رنگ متاثر نہ ہو۔ واضح رہے کہ ہر قالین میں ایک چپ بھی نصب کی گئی ہے۔ اس کی ریڈنگ(RFID) کے ذریعے ہوتی ہے۔ چپ کے ذریعے ہر قالین کو ایک برقی نظام سے مربوط کیا گیا ہے۔ یہ نظام قالین کی تیاری کے وقت سے اس کے متعلق معلومات محفوظ رکھے گا۔ معلومات میں قالین کا استعمال، اس کی جگہ اور دھلائی کی تاریخ شامل ہو گی۔ قالین کے بار کوڈ کے ذریعے ہر قالین کی شناخت بہت آسانی سے ہو سکے گی۔