مسجد نما بس اسٹاپ کا حلیہ بی جے پی کی دھمکی پر تبدیل

,

   

بنگلورو: کرناٹک کے شہر میسور میں مسجد کی طرح تعمیر کیے گئے ایک بس سٹاپ کا حلیہ بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی کی دھمکی کے سبب تبدیل کر دیا گیا ہے۔ میڈیاکے مطابق میسور میں واقع اس بس اسٹاپ کی چھت پر تین سنہرے رنگ کے گنبد بنائے گئے تھے، لیکن بی جے پی کے رکن اسمبلی پرتاپ سمہا کی دھمکی کے بعد ان تین گنبدوں کو ہٹا کر ایک گنبد تعمیر کیا گیا ہے اور اس کا رنگ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔کچھ دنوں پہلے پرتاپ سمہا نے کہا تھا کہ انہوں نے انجینیئرز کو حکم دیا ہے کہ انہی کی پارٹی کے رکن کی جانب سے تعمیر کیے گئے ’مسجد کی طرح‘ دکھنے والے بس ا سٹاپ کو تبدیل کردیا جائے۔انہوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر انجینئرز کی جانب سے یہ بس ا سٹاپ دو سے تین دن میں تبدیل نہیں کیا جاتا تو وہ اسے خود توڑ دیں گے۔اتوار کو صبح ایک ٹویٹ میں پرتاپ سمہا نے اپنی بات کو دہراتے ہوئے لکھا کہ ’اگر بیچ میں ایک بڑا گنبد ہو اور سائیڈ پر دو چھوٹے گنبد ہوں تو یہ مسجد ہے۔‘انہوں نے اپنی ٹویٹ میں ڈسٹرکٹ کلکٹر کا بس اسٹاپ کے ڈیزائن کو تبدیل کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔