مسعود اظہر تنازعہ ،ذمہ دارانہ مذاکرات کی یکسوئی پر زور : چین

   

بیجنگ ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی دہشت گرد تنطیم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی قرارداد 13 مارچ کو پیش کی جانے والی ہے، چین نے اس موقع پر ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازعہ کو ’’ذمہ دارانہ بات چیت‘‘ کے ذریعہ ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ چین نے مزید کہاکہ پلوامہ دہشت گرد حملوں کے بعد سلامتی کونسل کی ہر بات چیت میں سیکوریٹی کے موضوع پر تبادلہ خیال میں اضافہ ہوگیا ہے۔ خصوصی طور پر ہندوپاک کے درمیان کشیدگی نے ساری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ یاد رہیکہ پلوامہ حملوں کے بعد امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے سلامتی کونسل میں مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی تجویز پیش کی تھی کیونکہ اس تنظیم نے پلوامہ دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ رپورٹس کے مطابق 13 مارچ کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی 1267 کمیٹی اس قرارداد پر بات چیت کرے گی جبکہ چین نے قبل ازیں تین بار ہندوستان اور دیگر رکن ممالک کی ان کوششوں کو ناکام کردیا تھا جس میں مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ آج بھی مسعوداظہر سے متعلق چین کا موقف غیرواضح ہے۔