مسقط سے وجئے واڑہ واپسی کے دوران خاتون کی موت

   

حیدرآباد۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) مسقط سے وجئے واڑہ پہنچی خاتون دوران سفر فوت ہوگئی جس کی شناخت 35 سالہ ہرشا کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ ہرشا بیرون ملک برسرکار ہے اور اس خاتون کا تعلق مغربی گوداوری ضلع کے نڈا ذالو سے بتایا گیا ہے ۔ روزگار کے سلسلہ میں ہرشا مشرقی وسطی کے اومان کے شہر مسقط میں رہتی تھی ۔ گزشتہ دنوں چھٹی منانے خاتون نے اپنے آبائی مقام روانگی کا فیصلہ کیا اور بڑے ارمانوں کے ساتھ کل مسقط سے آندھراپردیش روانہ ہوئی لیکن افسوس کہ خاتون اپنے گھر نہیں پہنچ سکیں۔ مکان پر منتظر افراد خاندان کو ہرشا کی نعش کا انتظار کرنا پڑاجو اس کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف تھے۔بتایا جاتا ہے کہ ہرشا وجئے وا ڑہ ایرپورٹ پہنچنے کے بعد ایک خانگی بس کے ذریعہ وجئے واڑہ سے اپنے آبائی گاؤں کیلئے روانہ ہوئی اور دوران سفر سینہ میں شدید تکلیف کی شکایت کی اور بس کی سیٹ پر ہی اس خاتون کی موت ہوگئی ۔ بس میں سفر کرنے والے دیگر مسافروں نے بس ڈرائیور کو اس کی اطلاع دی جس پر ہرشا کو فوری طور پرڈاکٹر سے رجوع کیا گیا ۔ ڈاکٹر نے جانچ کے بعد ہرشا کو مردہ قرار دیا اور بتایا کہ دل کا دورہ پڑنے سے ہرشا فوت ہوگئی ۔ ع