مسلح افراد کا عراق کے ’’دجلہ‘‘ چینل کے دفتر پر دستی بموں سے حملہ

   

دبئی۔5 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) عراقی دارالحکومت بغداد میں مسلح ملیشیا کے ارکان نے ایک مقامی سیٹلائٹ چینل کی عمارت پر حملہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ’’دجلہ‘‘ ٹی وی چینل نے تصدیق کی ہے کہ مسلح افراد نے گذشتہ روز بغداد میں اس کی عمارت پر دو دستی بم پھینکے۔ چینل کی ویب سائٹ پر جاری بریکنگ نیوز میں کہا گیا کہ بغداد میں دجلہ چینل کے بیورو آفس پر دھاوے کا مقصد حق کی آواز کو خاموش کرانا ہے۔چینل نے واضح کیا کہ حملے کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور بموں کی وجہ سے بیورو آفس میں آگ بھڑک اٹھی۔ذریعے کے مطابق اس فعل کا ارتکاب کرنے والوں کو پکڑ کر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا۔