مسلح افواج کے سپاہیوں کو 6کیرتی اور 33شوریہ چکر

   

نئی دہلی22مئی (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو دفاعی ایوارڈ کی تقریب میں مسلح افواج، مرکزی پولیس دستوں اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کو بہادری اور بے مثال ہمت کے لیے 6 کیرتی چکر اور 33 شوریہ چکر سے نوازا۔راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں دیئے گئے کل ایوارڈز میں سے چار کیرتی چکر اور سات شوریہ چکر کو بعد از مرگ دیا گیا۔گیلنٹری ایوارڈز ان ہیروز کو دئیے جاتے ہیں جو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اپنا فرض ادا کرتے ہوئے بے مثال جرات اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔اس موقع پر نائب صدر جگدیپ دھنکھر اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی مرکزی وزیر اور سینئر فوجی افسران موجود تھے ۔یہ اعزاز جموں و کشمیر اور شمال مشرق میں انسداد دہشت گردی آپریشنز سے متعلق مختلف آپریشنز کے دوران بہادری کے لیے دیے گئے ۔ ان کارروائیوں کے دوران خوفناک دہشت گرد ہلاک اور پکڑے گئے اور اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ہندوستانی بحریہ کے افسران نے بحری قزاقی کے خلاف کارروائیوں کی قیادت کی جس کے نتیجے میں قزاقوں سے ہتھیار ڈلوائے اور یرغمالیوں کی بازیابی کی، نیز جلتے ہوئے آئل ٹینکر پر آگ بجھانے کی کارروائیوں کے دوران بہادری کا مظاہرہ کیا۔ہندوستانی فضائیہ کے ایوارڈ یافتہ افراد نے خطرناک حالات میں انتہائی حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو شہری علاقوں سے دور رکھ کر بچایا تاکہ جان و مال کے کسی نقصان سے بچا جا سکے۔