مسلح جھڑپ، ایک جنگجو ہلاک

   

سری نگر: سری نگر کے مضافاتی علاقہ واگورہ نوگام میں آج علی الصبح پیش آئے ایک آپریشن میں ایک مقامی جنگجو مارا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ واگورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی رات کو مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ مشتبہ جنگجو کو محاصرے میں لینے کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ طرفین کے درمیان تصادم آرائی میں ایک مقامی جنگجو مارا گیا اور جائے تصادم سے کچھ اسلحہ بھی بر آمد کیا گیا۔مہلوک جنگجو کی شناخت عذیر احمد ڈار ولد محمد اشرف ڈار ساکن وچی ملہورہ ضلع شوپیاں کے بطور ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق مہلوک جنگجو نے اسی برس 2 جنوری کو جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔انہوں نے کہا کہ جائے تصادم آرائی سے ایک پستول، ایک میگزین، چھ گولیاں اور دو گرینیڈ بر آمد ہوئے ہیں۔