محمد علی شبیر سے ملاقات، اقلیتوں کو کانگریس سے قریب کرنے کی حکمت عملی پر بات چیت
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی انچارج تلنگانہ ندیم جاوید نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت نے اقلیتوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں سے انحراف کرلیا ہے جس کے نتیجہ میں اقلیتیں آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔ ندیم جاوید نے سابق اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کی پولٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک یہ وعدہ پورا نہیں ہوا برخلاف اس کے کانگریس دور حکومت میں مسلمانوں کو فراہم کردہ 4 فیصد تحفظات آج بھی برقرار ہیں اور ملازمت اور تعلیم میں اقلیتی طلبہ کو فائدہ ہورہا ہے۔ ندیم جاوید نے وائی ایس راج شیکھر ریڈی حکومت میں وزیر کی حیثیت سے تحفظات کیلئے محمد علی شبیر کی مساعی کی ستائش کی اور کہا کہ صرف کانگریس پارٹی ہی اقلیتوںکی بھلائی میں سنجیدہ ہے۔ ندیم جاوید نے محمد علی شبیر کو تلنگانہ میں اقلیتوں کو کانگریس سے قریب کرنے کی حکمت عملی طئے کرنے میں تعاون کی خواہش کی۔ سکریٹری انچارج تلنگانہ کے طور پر ندیم جاوید اقلیتوں کی نمائندہ شخصیتوں سے ملاقات کریں گے۔ محمد علی شبیر نے انہیں تحفظات کی جدوجہد پر مبنی کتاب پیش کی۔ ندیم جاوید نے تلنگانہ میں کانگریس پارٹی بالخصوص میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے استحکام کے بارے میں تجاویز طلب کی ہیں۔ر