ڈاکٹر محمد عظیم الدین بخش کی تصنیف آخری سفر کا رسم اجراء و جلسہ اصلاح معاشرہ سے علماء کا خطاب
حیدرآباد۔27جون (پریس نوٹ) عام مسلمانوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ بنیادی اسلامی احکامات سے واقف ہوں۔ مسلمانوں کی بڑی تعداد خصوصاً موت کے بعد سے لے کر تجہیز، تکفین و تدفین اور اس کے بعد پیش آنے والے مسائل سے ناواقف نظر آتی ہے۔ قلمکار و سیاح ڈاکٹر محمد عظیم الدین بخش کی کتاب ’’آخری سفر‘‘ (کتاب الجنائز) اس موقع پر پیش آنے والے تمام مسائل کو یکجا کئے ہوئے ہے جو قرآن و سنت اور صحیح عقائد کی روشنی میں بیان کئے گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا خالد سیف اللہ رحمانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مسجد قبا فرح کالونی سعید آباد میں منعقدہ رسم اجراء کتاب و جلسہ اصلاح معاشرہ سے مخاطب تھے ۔ مولانا رحمانی نے کہا کہ ڈاکٹر عظیم بخش نے اس کتاب کو کافی محنت اور عرق ریزی سے تیار کیا ہے۔ مولانا حافظ رفیق احمد نظامی مدنی نے کہا کہ دین کا یہ لازمی تقاضہ ہے کہ معاشرہ میں اگر ہم کوئی برائی دیکھیں تو اسے ہاتھ سے یا پھر زبان سے روکنے کی کوشش کریں۔ یا کم از کم دل میں اسے برا سمجھیں۔ مولانا عبدالمغنی مظاہری نے کہا کہ اسلام ہمیں اس بات کا حکم دیتا ہے کہ ہم اسلام میں پورے کے پورے داخل ہوجائیں اور ہمارے معاملات ، معاشرت، رہن سہن اور زندگی کے ہر موقع پر اسلامی تعلیمات پر عمل آوری ضروری ہے۔ مولف ڈاکٹر محمد عظیم الدین بخش نے کہا کہ میرے ملکی اور غیر ملکی سینکڑوں اسفار میں، میں نے جس بات کو شدت سے محسوس کیا ہے اس کا تذکرہ میں نے اپنے سفر ناموں میں اکثر پیش کیا ہے۔ جس کا مقصد قوم میں پھیلے مسلکی اختلافات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ حرام و ناجائز اور بدعات جیسے اعمال کی بھی نشاندہی کرنا ہے ۔ انسان کے اپنے آخری سفر پر روانہ ہونے سے لے کر تجہیز ، تکفین و تدفین اور بعد کے مسائل کو سات ابواب میں تقسیم کرتے ہوئے درجنوں قرآنی آیات اور تقریباً دیڑھ سو احادیث کی روشنی میں 175 عنوانات کے تحت مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔ قاری شوکت اللہ غوری کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ حافظ محمد علیم الدین واحد نے ہدیہ نعت پیش کی۔ اس موقع پر مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی ناظم جامعہ عائشہ نسوان، مولانا پروفیسر جہانگیر، جناب محمد نعیم الدین بخش، جناب محمد علیم الدین بخش ، جناب محمد شفیع الدین ستارکے علاوہ علمائے کرام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ حافظ سید نذیر احمد قاسمی نے پروگرام کی نظامت کی۔
جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کی عاملہ کا اجلاس
حیدرآباد 27 جون (راست) مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کی عاملہ کا اجلاس یکم جولائی کو بعد نماز ظہر متصلاً دفتر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش، فرسٹ فلور، مسجد چمن، افضل گنج، بصدارت مولانا مفتی محمد غیاث الدین رحمانی صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش منعقد ہوگا۔ تمام اراکین عاملہ و مدعوئین خصوصی سے شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔