مسلمانوں کو دستوری ترمیم کے ذریعہ تحفظات کی فراہمی

,

   

ٹی آر ایس نے مسلمانوں کو دھوکہ دیا، تلنگانہ میں زائد نشستوں پر کامیابی یقینی: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 20۔ مارچ (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں ریاست کی زائد نشستوں پر کانگریس پارٹی کامیابی حاصل کرے گی اور مرکز میں راہول گاندھی کی زیر قیادت حکومت تشکیل پائے گی ۔ پارٹی نے مرکز میں برسر اقتدار آنے پر اقلیتوں اور درج فہرست قبائل کو دستوری ترمیم کے ذریعہ تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، بھونگیر لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، سابق صدر پی سی سی پونالا لکشمیا ، سابق قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی ، رکن اسمبلی کومٹ ریڈی ، راج گوپال ریڈی ، سابق ارکان اسمبلی آر دامودر ریڈی ، مال ریڈی رنگا ریڈی اور ڈی کے سمرسمہا ریڈی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو ووٹ دینا اپنا ووٹ ضائع کرنے کے مترادف ہے ۔ لہذا کانگریس پارٹی کو ووٹ دے کر مرکز میں راہول گاندھی کی حکومت کی تشکیل یقینی بنائیں تاکہ تلنگانہ سے انصاف ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس کو عوام سے ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2014-19 ء میں ٹی آر ایس کے پاس 15 ارکان پارلیمنٹ تھے لیکن مرکز سے کچھ بھی حاصل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس 16 ارکان کو منتخب کرنے کے لیے عوام سے اپیل کر رہی ہے لیکن اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ گزشتہ 5 برسوں میں ٹی آر ایس نے ریاست کی تقسیم میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ صدر جمہوریہ ، نائب صدر ، نائب صدرنشین راجیہ سبھا کے انتخاب کے علاوہ نوٹ بندی ، جی ایس ٹی اور تحریک عدم اعتماد کے وقت ٹی آر ایس نے بی جے پی کی تائید کی تھی۔ قاضی پیٹ میں کوچ فیکٹری ، بیارم اسٹیل پلانٹ اور قبائلی یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ تلنگانہ کے ایک بھی پراجکٹ کو قومی درجہ نہیں ملا۔ اتم کمار ریڈی نے عوام سے وعدہ کیا کہ زائد نشستوں پر کامیابی کی صورت میں تمام وعدوں کی تکمیل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور درج فہرست قبائل کو تحفظات کے نام پر دھوکہ دیا گیا ہے۔ مرکز نے او بی سی طبقات کو دستوری ترمیم کے ذریعہ 10 فیصد تحفظات فراہم کئے لیکن ٹی آر ایس مسلمانوں اور قبائل کو تحفظات کا محض وعدہ کر رہی ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے پر دستور میں ترمیم کے ذریعہ تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ کے جانا ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اپوزیشن کا خاتمہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ ایسے میں عوام کو چاہئے کہ وہ حکومت کو بیدخل کردیں۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے کے سی آر کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ قومی مسائل پر لوک سبھا الیکشن لڑا جاتا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نلگنڈہ اور بھونگیر کے علاوہ دیگر حلقوں سے کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی۔