مسلمانوں کو ریزرویشن ملنا چاہیے :لالو

   

یادو پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے مسلم ریزرویشن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آئین، جمہوریت اور ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔منگل کو صحافیوں سے بات چیت کے دوران یادو نے مسلم ریزرویشن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا، ‘‘مسلمانوں کو مکمل ریزرویشن ملنا چاہیے ۔’’ انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ نریندر مودی آئین، جمہوریت اور ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور لوگ یہ بات سمجھ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ نریندر مودی اپنی انتخابی میٹنگوں میں اپوزیشن انڈیا اتحاد کے لیڈروں پر لگاتار الزام لگا رہے ہیں کہ اپوزیشن دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کا ریزرویشن چھین کر مسلمانوں کو دینا چاہتی ہے ، جبکہ آئین میں مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کا کوئی التزام نہیں ہے ۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس بیان پر کہ اگر انڈیااتحاد اقتدار میں آتا ہے تو ملک میں جنگل راج ہوگا، یادو نے کہا کہ وہ اپنی شکست یقینی دیکھ کر اس قدر خوفزدہ ہیں کہ وہ سب کو مشتعل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ہونے والے دو مرحلوں کے انتخابات میں ووٹ صرف انڈیااتحاد کی طرف جا رہے ہیں۔