مسلمانوں کو کے سی آر اور ہریش راؤ کی جانب سے رمضان المبارک کی مبارکباد

   

حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندرشیکھر راؤ نے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی ہے۔ کے سی آر نے اپنے پیام میں کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے آغاز پر وہ مسلم بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ تلنگانہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہے جہاں مذہبی تہواروں کو تمام طبقات مل جل کر مناتے ہیں۔ ریاست کی گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دینے کے اقدامات جاری رکھے جائیں۔ کے سی آر نے کہاکہ رمضان المبارک کے موقع پر مسلمان روزہ کا اہتمام کرتے ہوئے عبادتوں میں مصروف رہتے ہیں۔ یہ مقدس ماہ غریبوں کی مدد کے جذبہ کو فروغ دیتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں اقلیتوں کی سماجی، تعلیمی اور معاشی ترقی کے لئے کئی اقدامات کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ سیکولرازم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے ملک میں ایک مثال ہے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ ایک ماہ کے روزوں اور عبادتوں کے ذریعہ مسلمانوں کی دُعائیں بارگاہ رب العزت میں شرفِ قبولیت حاصل کریں۔ اِسی دوران سابق وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے بھی مسلمانوں کو رمضان المبارک کے آغاز پر مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے اپنے پیام میں کہاکہ رمضان المبارک میں روزے اور خصوصی عبادات کے علاوہ غریبوں کی زکوٰۃ کے ذریعہ مدد کی جاتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں قرآن مجید کا نزول ہوا ہے۔ اِس ایک ماہ میں مسلمان بھائی اور بہنیں روزے رکھتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی عبادت کے ذریعہ روحانی فیض حاصل کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی رحمت حاصل کرنے کے لئے ایک ماہ خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے اور زکوٰۃ کے ذریعہ غریبوں کی مدد کی جاتی ہے۔ یہ ماہ مذہبی رواداری اور غریبوں کی دیکھ بھال کی علامت ہے۔ اُنھوں نے موسم گرما کی شدت میں اضافہ کے پیش نظر روزہ داروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ 1