مسلمانوں کی پسماندہ طبقات کی فہرست میں شمولیت منظور نہیں: بنڈی سنجے

   

پسماندہ طبقات سے ناانصافی کی سازش کا الزام
حیدرآباد ۔13۔فروری (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پسماندہ طبقات کی فہرست میں مسلمانوں کی شمولیت کے ذریعہ بی سی طبقات کو ناانصافی کا اندیشہ ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ بی سی طبقات کی فہرست میں مسلمانوں کی شمولیت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مذہبی اساس پر تحفظات کی فراہمی کے خلاف ہے۔ مرکز کی پالیسی سے واقفیت کے باوجود تلنگانہ کی ریونت ریڈی حکومت مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے بی سی تحفظات میں شمولیت کا فیصلہ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی تحفظات پر عمل آوری میں حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو بی سی فہرست میں شامل کرنے سے پسماندہ طبقات کے موجودہ تحفظات بھی گھٹ جائیں گے ۔ طبقاتی سروے کے نام پر کانگریس حکومت بی سی طبقات سے ناانصافی کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ مسلمانوں کی شمولیت کی صورت میں ہندو سماج احتجاج کیلئے مجبور ہوجائے گا۔ انہوں نے ایم ایل سی انتخابات کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ کانگریس پارٹی کو سبق سکھائیں۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ کانگریس نے 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کا انتخابی وعدہ کیا تھا اور اس وعدہ کی تکمیل تک پسماندہ طبقات خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کونسل کی صرف ایک نشست پر مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دو ٹیچرس زمرہ کی نشستوں کیلئے امیدوار دستیاب نہیں ہیں۔ 1