مسلمانوں کے زیرالتوا مسائل کی یکسوئی کیلئے نمائندگی

   


کریم نگر میں اقلیتی قائد عبدالصمد نواب کی جانب سے رکن اقلیتی کمیشن محترمہ شہزادی کو یادداشت
کریم نگر : 22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انجمن ترقی اردو شاخ کریم نگر کی جانب سے جنرل سکریٹری عبدالصمد نواب نے رکن برائے قومی اقلیتی کمیشن محترمہ شہزادی کو ایک یادداشت حوالے کرتے ہوئے مسلم اقلیتوں اور اردو زبان سے متعلق زیر التوا مسائل پر نمائندگی کی۔ ریاست میں مسلم اقلیتوں کے اہم مسائل پر متعلقہ حکام مجاز کو درج ذیل نمائندگیاں پیش کی گئیں جو کہ سرکاری اسکیموں کے متعلق ہیں۔ لیکن حکام کی جانب سے موجود نمائندگی کے توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ اقلیتوں کی بہبود کے لیے وزیراعظم کے نئے 15 نکاتی پر عمل آوری مذکورہ پروگرام کے مطابق مرکزی و ریاستی اسکیموں پر عمل آوری کے ضمن میں کوئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے نہ ہی جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ ریاست میں اردو زبان کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا گیا۔ سرکاری زبان کے طور پر نفاظ، اقلیتی بہبود اسکیموں کی اطلاع اور اشاعت کے دوران سرکاری سطح پر اردو زبان کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ سمارٹ سٹی کے تحت راستوں کی رہنمائی کے جو بورڈ آویزاں کئے گئے ہیں اس پر بھی اردو زبان کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ تمام سرکاری دفاتر کے سائن بورڈ پر اردو تحریر کی جائے۔ محکمہ تعلیم اردو ٹیچرس اور لکچررس کی جائیدادوں پر کوئی تقررات نہیں کئے ہیں جبکہ دیگر زبانوں کے اساتذہ کے تقررات ہورہے ہیں۔ ان سب مسائل کے تدارک کے لیے ہدایات جاری کرنے کی خواہش کی گئی۔ رکن برائے قومی اقلیتی کمیشن محترمہ شہزادی نے ان مسائل کو حل کرنے کے احکامات جاری کرنے کا تیقن دیا۔