حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے خانگی مسلمہ اسکولوں کے ٹیچرس اور غیر تدریسی عملے کو فی کس 25 کیلو باریک چاول کی سربراہی کیلئے کمشنر محکمہ سیول سپلائیز کو 15 کروڑ 15 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں حکومت کے سکریٹری وی انیل کمار نے جی او آر ٹی 18 جاری کیا۔ حکومت نے مسلمہ خانگی اسکولوں کے اساتذہ اور دیگر اسٹاف کو اپریل سے ماہانہ 2000 روپئے کی امداد اور ہر خاندان کو 25 کیلو باریک چاول سربراہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اپریل سے اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ محکمہ فینانس نے چاول کی سربراہی کے سلسلہ میں 15 کروڑ 15 لاکھ روپئے کی منظوری دی ہے جس کے ذریعہ محکمہ سیول سپلائیز چاول حاصل کرتے ہوئے سربراہ کرے گا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ ماہ اپریل کیلئے چاول کی تقسیم حکومت کی جانب سے جاری کردہ قواعد کے مطابق عمل میں آئے گی۔ کمشنر سیول سپلائیز کو اسکیم پر عمل آوری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔