مسلم بندھو اسکیم متعارف کرنے حکومت سے کُل جماعتی قائدین کا مطالبہ،وعدوں کی تکمیل میں کے سی آر غیر سنجیدہ، پروفیسر کودنڈا رام، فیروز خاں اور دوسروں کاخطاب

   

حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں دلت بندھو کی طرح مسلمانوں کیلئے مسلم بندھو اسکیم متعارف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا چوک اندرا پارک پر کُل جماعتی جلسہ عام منعقد ہوا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری محمد فیروز خاں اور سکریٹری پردیش کانگریس محمد راشد خاں نے جلسہ عام کا اہتمام کیا تھا۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام، صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس عظمیٰ شاکر، جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین، صدر میناریٹیز ڈپارٹمنٹ حیدرآباد ارشد شیخ، ڈاکٹر انور خاں، ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد، محمد امان اللہ خاں، افتخار حسین، عثمان محمد خاں، علیم خاں فلکی اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور جہد کاروں نے شرکت کی۔ پروفیسر کودنڈا رام نے مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کو نظرانداز کرنے کا کے سی آر حکومت پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو کی طرز پر مسلمانوں کیلئے بھی علحدہ امدادی اسکیم کی ضرورت ہے کیونکہ مسلمان دیگر طبقات سے زیادہ پسماندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران سماج کے مختلف طبقات سے جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل نہیں کی۔ صدر مسلم شبان مشتاق ملک نے کہا کہ مسلم تحفظات اور دیگر وعدوں پر کے سی آر حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔ حکومت موجودہ 4 فیصد تحفظات کی برقراری میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے مسلم بندھو اسکیم کے مطالبہ کی تائید کی۔ حیدرآباد لوک سبھا کے انچارج محمد فیروز خاں نے مجلس پر الزام عائد کیا کہ اس نے حکومت سے مفاہمت کرتے ہوئے اقلیتوں کے مسائل کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ مقررین نے مسلم بندھو اسکیم کیلئے متحدہ جدوجہد پر زور دیا اور حکومت پر دباؤ بنانے کیلئے احتجاجی لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ر