دھرنا چوک پر کل جماعتی قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔19۔مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مسلمانوں کے لئے مسلم بندھو اسکیم کا مطالبہ کرتے ہوئے کل 20 مئی کو دھرنا چوک اندرا پارک پر ایک روزہ احتجاج منظم کیا جارہا ہے ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری محمد فیروز خاں اور سکریٹری محمد راشد خاں نے کے سی آر حکومت پر دباؤ بنانے کیلئے ایک روزہ پروگرام کا اعلان کیا۔ احتجاج میں ہمخیال سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا جارہا ہے۔ پولیس نے دھرنا چوک پر احتجاج کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون نے صبح 11 تا شام 5 بجے تک جلسہ عام کی اجازت دی تاہم بعض شرائط کے تحت پابندی کی ہدایت دی۔ سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی راشد خاں نے کہا کہ کے سی آر نے دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا جس کے بعد ایس ٹی طبقہ کیلئے بھی اسی طرح کی اسکیم کا تیقن دیا گیا لیکن مسلمانوں کیلئے کے سی آر نے کوئی پہل نہیں کی۔ حکومت کو مسلم بندھو اسکیم کے اعلان کیلئے کانگریس نے مہلت دی تھی۔ تلنگانہ میں مسلمان تعلیمی اور معاشی طور پر دلتوں سے زیادہ پسماندہ ہیں۔ گزشتہ 9 برسوں کے دوران حکومت نے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کو روک دیا ہے۔ اسکالرشپ اور فیس ری ایمبرسمنٹ سے محرومی کے نتیجہ میں اقلیتی طلبہ تعلیم سے دور ہورہے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ احتجاج میں کثیر تعداد میں شریک ہوں۔ر