مسلم بی جے پی لیڈر کا مسجد کو کولرس کا عطیہ مسترد

   

وقار آباد میں مسلمانوں نے کولر باہر پھینک دئے
حیدرآباد 10 اپریل ( سیاست نیوز ) ضلع وقار آباد میں ایک مسلم بی جے پی لیڈر نے مسجد کیلئے ایک کولر کا عطیہ دیا تھا جسے مقامی مسلمانوں نے مسترد کردیا ۔ مقامی مصلیان نے ائر کولر اٹھاکر مسجد سے باہر پھینک دیا ۔ شدید گرمی کے پیش نظر مقامی بی جے پی لیڈر محمد انور نے باونتارام منڈل کے ترامیڈی کی ایک مسجد کو چند کولرس کا عطیہ دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے مسجد میں موجود مصلیان کے سامنے بی جے پی کی ستائش بھی کی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی نے مسلمانوں کیلئے بہت کچھ کیا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے دوسری جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا ۔ بی جے پی کی ستائش پر مقامی مسلمان برہم ہوگئے اور انہوں نے ان کے عطیہ کردہ کولرس کو مسجد کے باہر پھینک دیا ۔ بعد میں یہ کولرس ان کے گھر کے سامنے رکھ دئے گئے ۔