مسلم شادی خانہ کی قیمتی اراضی پر فریڈم پارک کا سنگ بنیاد

   

مسلمانوں میں شدید غصہ کی لہر، کانگریس اقلیتی قائدین کی ضلع کلکٹر و دیگر کو یادداشت پیش

نارائن پیٹ : نارائن پیٹ ٹاؤن میں واقع مسلم شادی خانہ کی قیمتی اراضی پر ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے فریڈم پارک تعمیر کئے جانے پر نارائن پیٹ کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ سابق ریاستی تلگودیشم حکومت نے نارائن پیٹ ٹاؤن میں اُردو گھر اور مسلم شادی خانہ کے لئے اراضی الاٹ کی تھی اور ان دونوں مقامات پر اُردو گھر اور مسلم شادی خانہ بھی تعمیر کیا گیا ہے لیکن آج ٹی آر ایس پارٹی نے آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اچانک مسلم شادی خانہ کی قیمتی اراضی جہاں پہلے سے شادی خانہ کی عمارت تعمیر کی گئی ہے، فریڈم پارک کی تعمیر کیلئے باضابطہ کمان اور گیٹ لگاکر آج احاطہ شادی خانہ میں شجرکاری کی ، جیسے ہی یہ اطلاع عام ہوئی ، مسلمانوں نے اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا جبکہ کانگریس اقلیتی قائدین نے پہل کرتے ہوئے فوری ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا داسری ، آئی اے ایس کے اجلاس میں ایک یادداشت پیش کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ مسلم شادی خانہ کی اراضی مسلم شادی خانے کے لئے مختص کی گئی ہے چنانچہ اس اراضی کو مسلم اقلیتوں کے حوالے کیا جائے بصورت دیگر اقلیتی برادری احتجاج پر مجبور ہوجائے گی ۔ اس موقع پر مقامی مجلس اتحادالمسلمین کے قائدین نے بھی احتجاج کیا اور اس سلسلے میں رکن اسمبلی وضلع کلکٹر سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے ۔