کئی بستیوں کے عوام بارہا نمائندگیوںکے بعد متبادل کی تلاش میں
حیدرآباد۔29۔نومبر(سیاست نیوز) مقطعہ مدار صاحب کے مسائل کے حل میں تلنگانہ راشٹر سمیتی رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کی ناکامی کے سبب مقامی عوام میں شدید ناراضگی کے بعد اب مجلسی قیادت نے حلقہ خیریت آباد کی مسلم بستیوں کے مسائل کے حل کیلئے اپنے کارکنوں کو متحرک کرنا شروع کردیا ہے ۔ ڈی ناگیندر سے حلقہ خیریت آباد کے مسلمانوں میں ناراضگی پر مقامی عوام کا کہناہے کہ ٹی آر ایس رکن اسمبلی نے حلقہ کی مسلم بستیوں کے مسائل کے حل کے علاوہ مسلمانو ںکے مسائل کے حل میں کسی قسم کی دلچسپی نہیں لی جس کے نتیجہ میں اب مسلمانوں نے متبادل پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔ ڈی ناگیندر پر مقامی مسلمانوں نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ مسلم بستیوں بالخصوص مقطعہ مدار صاحب‘ مقطعہ بھولے صاحب و اس حلقہ کے قبرستانوں اور دیگر مسائل کو حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ وہ ان مسائل کو نظرانداز کرتے رہے جس کے نتیجہ میں مسلمانوں میں ان کے متعلق ناراضگی ہے ۔ ڈی ناگیندر جنہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرکے حلقہ خیریت آباد سے کامیابی حاصل کی نے اس حلقہ کی ترقی کے متعلق اقدامات کو مخصوص علاقوں تک محدود رکھا ہے اور ان سے متعدد مرتبہ شکایت کی جاچکی ہے لیکن انہو ںنے ان شکایات کو نظرانداز کرکے مسلم غالب آبادیوں کے مسائل حل نہیں کئے جس کے نتیجہ میں مقامی عوام نے اپنے مسائل کو مجلسی قیادت سے رجوع کرنا شروع کردیا ہے علاوہ ازیں مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے اور ان سے آگہی حاصل کرنے کانگریس قائد و کارپوریٹر محترمہ وجیہ ریڈی بھی کوشش کر رہی ہیں مقامی مسلمانو ںکا کہنا ہے کہ وہ سیاسی متبادل کی بجائے اپنے مسائل حل کرنے والے قائدین سے مسائل کو رجوع کریں گے تاکہ ان کے علاقوں میں ترقی کے متعلق وعدوں کو پورا کیا جاسکے اور ان کے مسائل کے حل کے ساتھ انہیں بنیادی سہولتوں کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔م