مسلم غریب خاندانوں میں حکومت کے 4 لاکھ 50 ہزار گفٹ پیاکٹس کی تقسیم

   

Ferty9 Clinic


ریاست میں 815 اور شہر کی 400 مساجد کا انتخاب ، وزیر داخلہ محمود علی اور محمد سلیم نے گاڑیوں کو جھنڈی دکھائی
مسجد الماس چوٹ اپل کی اراضی کا تحفظ کرنے کا عزم
حیدرآباد :۔ رمصان المبارک کے موقع پر غریب مستحق مسلم خاندانوں میں حکومت کی جانب سے ملبوسات پر مبنی رمضان گفٹ کی تقسیم کا آغاز کیا گیا ۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی نگرانی میں اسکیم پر عمل آوری کی جاتی ہے ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی اور صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج حج ہاوز نامپلی سے گفٹ پیاکٹس کی گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ ریاست بھر میں 815 مساجد میں جملہ 4 لاکھ 50 ہزار گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ گریٹر حیدرآباد میں 400 مساجد میں گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے ۔ ہر مسجد میں کمیٹی کی نگرانی میں 500 پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ رکن اسمبلی کے تحت 4 اور کارپوریٹر کے تحت 2 مساجد میں ملبوسات تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ گذشتہ سال لاک ڈاؤن کے سبب گفٹ پیاکٹس تقسیم نہیں کئے گئے تھے ۔ حکومت کی جانب سے ہر سال بتکماں تہوار اور کرسمس کے موقعہ پر بھی ملبوسات کا تحفہ دیا جاتا ہے ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت غریب ، مستحق اور ضرورت مندوں کے ساتھ ہے ۔ چیف منسٹر نے عید کی خوشیوں میں غریبوں کو شامل کرنے کے لیے اسکیم کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے اسکیم پرموثر عمل آوری کے لیے صدر نشین وقف بورڈ کو مبارکباد پیش کی ۔ مسجد الماس چوٹ اپل کی وقف اراضی کے مسئلہ پر وزیر داخلہ نے بتایا کہ انہوں نے ریونیو عہدیداروں سے بات چیت کی ہے ۔ وقف اراضی پر طویل عرصہ سے ناجائز قبضے ہیں ۔ جب کہ کھلی اراضی وقف بورڈ کے کنٹرول میں ہے ۔ مسجد کے روبرو MRO آفس کی تعمیر سے متعلق وزیر داخلہ نے بتایا کہ ریونیو حکام نے اراضی کے مشترکہ سروے کے لیے وقف بورڈ میں درخواست دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ سروے کے ذریعہ وقف اراضی کا تحفظ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں ۔ وقف اراضیات کے تحفظ کے لیے پولیس پروٹیکشن فراہم کیا جائے گا ۔ محمود علی نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے مساجد میں کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کا مشورہ دیا ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر ملک کے واحد سیکولر چیف منسٹر ہیں جو تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتے ہیں ۔ تلنگانہ میں گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ محمد سلیم نے بتایا کہ 28 اپریل کو وقف بورڈ کے اجلاس میں غریب مسلمانوں کی مدد کے لیے اقدامات کو منظوری دی جائے گی ۔ کورونا کے مریضوں کی ادویات اور دیگر ذرائع سے مدد کی جائے گی ۔ گذشتہ لاک ڈاؤن میں وقف بورڈ کی جانب سے اناج تقسیم کیا گیا تھا ۔ محمد سلیم نے کہا کہ مسجد الماس کی وقف اراضی کا ہر صورت میں تحفظ کیا جائے گا ۔ گفٹ پیاکٹس کی روانگی کے موقعہ پر رکن وقف بورڈ محمد عبدالوحید کے علاوہ ٹی آر ایس قائد شریف الدین اور رکن اسمبلی ایم گوپال موجود تھے ۔