مسلم قیادت کے صفایا کیلئے کے سی آر کی سازش کو ناکام بنانے کی حکمت عملی

   

نظام آباد اربن سے کانگریس کے طاقتور امیدوار محمد علی شبیر کی امکانی نامزدگی کی اطلاع پر مسلمانوں میں جوش و خروش

نظام آباد :26؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی نظام آباد اربن سے کانگریس پارٹی امیدوار کو لیکر تجسس اس وقت ختم ہوگیا جبکہ سید نجیب علی قائد کانگریس پارٹی نے اپنے فیس بک پوسٹ پر محمد علی شبیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے نظام آباد اربن کانگریس پارٹی امیدوار نامزد کئے جانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے آنے والے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ نظام آباد اربن حلقہ سے کانگریس پارٹی سے دیگر قائدین کے علاوہ سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے بھی گاندھی بھون حیدرآباد پہنچ کر درخواست داخل کی تھی اور ٹکٹ کی دوڑ میں شامل تھے لیکن ہائی کمان کی جانب سے محمد علی شبیر کے نام کو قطعیت دینے کی اطلاع پر سید نجیب علی قائد کانگریس نے ہائی کمان کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ محمد علی شبیر کسی ایک مقام تک محدود قائد نہیں بلکہ ساری ریاست کے قائد کہلاتے ہیں ۔2004 ء اور 2009 ء میں کانگریس پارٹی کے دور حکومت میں کابینی وزیر کی حیثیت سے محمد علی شبیر نے متحدہ آندھرا پردیش کے عوام میں منفرد شناخت بنائی بالخصوص مسلم اقلیتی طبقہ کے عوام میں محمد علی شبیر منفرد مقام رکھتے ہیں بحیثیت سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر نے مسلم اقلیت کو 4% تحفظات پر حکم التواء کیخلاف سپریم کورٹ سے ر جوع ہوتے ہوئے تحفظات کو بحال کرنے میں نمایاں رو ل ادا کرتے ہوئے مسلم اقلیت میں منفرد شناخت بنائی ہے۔ 4% فیصد تحفظات سے مستفید ہونے والے ہزاروں مسلم طلباء و طالبات آج ڈاکٹر ، انجینئر بن کر قوم کا نام روشن کررہے ہیں جس کا سہرا کانگریس پارٹی اور محمد علی شبیر کے سر جاتا ہے ۔ سرکاری ملازمتوں اور اسکیمات میں 4% فیصد سے کم تحفظات پر عمل آوری کی جارہی ہے کے سی آر نے آج تک 12% فیصد تحفظات کے وعدہ کو پورا نہیں کیا ہے ۔ سید نجیب علی قائد کانگریس نے ریاستی چیف منسٹر چندر شیکھر رائو کے حلقہ اسمبلی کاماریڈی سے مقابلہ کرنے کے فیصلہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم قیادت کا صفایا کرنے کیلئے کے سی آر نے یہ اقدام کیا تھا لیکن کانگریس ہائی کمان نے دانشمندی کا ثبوت دیتے ہوئے محمد علی شبیر جیسے قائد کو ضائع کرنے کے بجائے انہیں مسلم کثیر آبادی پر مشتمل حلقہ اسمبلی نظام آباد اربن سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو کانگریس پارٹی کی مسلم اقلیت دوستی کے ثبوت کے ساتھ ساتھ کانگریس ہائی کمان کی دانشمندی پر مشتمل پالیسی کا اظہار کرتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نظام آباد کے تمام کانگریسی قائدین اور کارکنان محمد علی شبیر کے حق میں منظم و متحدہ طور پر انتخابی مہم چلاتے ہوئے ان کی کامیابی میں اہم رو ل ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ محمد علی شبیر کو امیدوار بنائے جانے پر نظام آباد اربن کے مسلم ووٹرس میں زبردست جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔