مسلم لڑکی کی پراسرار موت پر بی جے پی کا احتجاج

   

تھرواننتا پورم: کیرالا بی جے پی نے چہارشنبہ کو ایک 17 سالہ مسلم لڑکی کی پراسرار موت کے خلاف اپنا احتجاج تیزکردیا جو یہاں الامان ایجوکیشن اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیر انتظام اسکول میں لٹکی ہوئی ملی تھی۔ بی جے پی اور اس کی فیڈر تنظیم کے کارکنان مذہبی ادارے کے قریب سڑکوں پر نکل آئے جہاں ہفتہ کو بارہویں جماعت کی لڑکی لٹکی ہوئی پائی گئی۔ موت کی تحقیقات کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ جیسے ہی کارکنان بشمول بی جے پی ۔ اے بی وی پی کے طلبہ ونگ سڑکوں پر نکلے، پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔ لڑکی کے اہل خانہ جس کا تعلق دارالحکومت سے ہے نے الزام لگایا ہے کہ اسے ایک خاتون ٹیچر نے ذہنی طور پر ہراساں کیا تھا، ٹرسٹ حکام نے اس الزام کی تردید کی ہے۔