مسلم نعش کی شناخت

   

حیدرآباد ۔ 18 جنوری ۔ ( سیاست نیوز ) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو جولائی 2022 ء کو پولیس اسٹیشن چارمینار کا مراسلہ موصول ہواجس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان صاحب کی ہدایت پر کوکٹ پلی قبرستان میں بعد ادائی فرائض تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید خواجہ معزالدین اشرفی نے پڑھائی تھی ۔ مرحوم کی نعش کی شناخت اب اس طرح ہوئی ۔ واقعات کے بموجب رفیعہ بیگم اپنے شوہر محمد یوسف کی گمشدگی کی اطلاع میرچوک پولیس اسٹیشن میں کرائی جب ان کے شوہر ریمنڈس شوروم پتھرگٹی میں سیلزمین کی حیثیت سے کام کرتے تھے ۔ شام واپس نہ آنے پر وہ میرچوک پولیس سے رجوع ہوئیں اور پولیس چارمینار کے ذریعہ ادارہ سیاست پہنچنے پر انھیں تدفین کی اطلاع دی گئی۔ مرحوم کے ورثاء عبدالرزاق ، محمد اعظم ، محمد معظم ، ادارہ سیاست کے ذریعہ قبرستان پہنچے اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی ۔ مرحوم کی اہلیہ رفعیہ بیگم نے ملت فنڈ سے تعاون کرنے والوں کیلئے دعا کی اور کہا کہ جو بھی یہ خبر پڑھ رہے ہیں میرے شوہر کے لئے دعائے مغفرت کریں۔ بشریٰ تبسم صاحبہ نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی اور یہ بھی کہا کہ اﷲ پاک ورثاء کو صبرجمیل عطا فرمائے ۔ آمین ۔