قوم اور ملت کی بہترین خدمت کا موقع، آئی آئی ایم ایل کی تقسیم انعامات تقریب، جناب عامر علی خاں اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔23جون(سیاست نیوز) اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ دولت کمانا نہیںبلکہ خدمت خلق ہے ۔ اپنی ذات سے کسی کو نقصان نہیںپہنچے ‘ ایک مسلمان کے ہاتھوں دوسرے مسلمان کا قتل نہیں ہونا ‘ مسلمان کاپیسوں کی طرف مائل نہیںہونا ہی اسلام کی اصل نمائندگی ہے ۔ ہندوستانی مسلمانوں کے پاس ایک بہترین موقع ہے کیونکہ بیرونی ممالک میں ہندوستان اپنی شبیہہ درست کرنے میںمصروف ہے ۔ سفارتی عملے میںمسلمانوں کا فقدان نمایاں ہے مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ انجینئرنگ ‘ میڈیسن اور دیگر پیشہ وارانہ کورسیس کے بجائے آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس اور آئی ایف ایس جیسے محکموں میں قسمت آزمائی کریں۔بیرونی ممالک میںموجود سفارت خانوں میں تقررات پر اپنی توجہہ مرکوز کریں ۔ مسلمانوں کی بیرونی ممالک کے ہندوستانی سفارت خانوں میںبھرتی قوم اور ملت کی بہترین خدمت کا ایک زرین موقع ہے ۔ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے ادارۃ العلم مہدویہ لائبریری( آئی آئی ایم ایل) کے زیر اہتمام منعقدہ 13ویں سالانہ عبدالجبار خان کیش گرانڈ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ جناب عبدالجبار خان صدر آئی آئی ایل ایم کی صدرات میںمنعقدہ اس تقریب میں چیرمن تلنگانہ وقف بورڈ جناب عظمت اللہ حسینی‘ جنرل سکریٹری آئی آئی ایل ایم حضرت صادق محمد خان ‘ایم بی ٹی قائد سکندر اللہ خان ‘ آفان اللہ خان ‘ محمد انعام الغفار خان بھی موجود تھے۔سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جنا ب عامر علی خان نے نقد انعامات حاصل کرنے والے ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ تعلیمی سال برائے 2023-2024کے طلباء وطالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ والدین کی قربانیوں کے نتیجے میں آج مذکورہ طلبہ اس مقام پر پہنچے جہاں انہیں ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیںانعامات سے نوازا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میںہجومی تشدد جیسے واقعات کے سدباب کے لئے میںانشورنس کی وکالت کرتاہوں ۔انہوں نے کہاکہ اسلام میں انشورنس کے حرام قراردئے جانے پر بحث میںپڑنے کے بجائے انسداد ہجومی تشدد واقعات کے لئے مسلمانوں کو انشورنس کرانے کا عمل شروع کردینا چاہئے کیونکہ حکومت کو جب انداز ہ ہوگا کہ اس قسم کے واقعات میںجاں بحق ہونے والے مسلمانوں کو حکومت کے خزانے سے پیسہ ادا کرنا ہے تو اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے حکومت ہی کوئی نہ کوئی قانون ضرور بنائے گی۔ چیرمن تلنگانہ وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انعام یافتہ گان او ران کے والدین کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔مدیر روزنامہ جناب زاہد علی خان کے ہاتھوں عبدالجبار خان کیش گرانڈ کی شروعات عمل میںآئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملت مسلمہ کا درد رکھنے والی شخصیت کا نام جناب زاہد علی خان ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ان کے ہی نقش قدم پر جنا ب عامر علی خان بھی گامزن ہے۔ عبدالجبار خان صدر آئی آئی ایم ایل نے پروگرام کی تفصیلات سے واقف کروایا اور بتایاکہ لاک ڈائون کو چھوڑ کر پچھلے
تیرہ سالوں سے ایس ایس سی ‘ او رانٹرمیڈیٹ کے ٹاپرس اور انہیںتعلیم دینے والے اساتذہ میںنقد انعامات کی تقسیم عمل میںلائی جارہی ہے۔ اس سال ایس ایس سی برائے تعلیمی سال 10.0جی پی اے حاصل کرنے والی امت فاطمہ کو 25ہزار جبکہ انعام دوم حاصل کرنے والے منار فاطمہ ‘ مدیحہ زینب خان‘ دانیا مرزا ‘ حسنہ ہاجرہ جن کے نشانات بالترتیب9.8جے پی اے پر مشتمل ہیں فی کس 3ہزار روپئے اور انعام سوم حاصل کرنے والے محمد نوراللہ فیضی ‘ سید خوند میر محمودی ازلان ‘ محمد مصطفیٰ حسین اور عالیہ خاتون جن کے نشانات9.7پر مشتمل ہیں جو فی کس دو ہزار روپئے کے نقد انعامات دئے گئے ۔ اس کے علاوہ انٹرمیڈیٹ تعلیمی سال برائے 2023-2024کے ٹاپرس امرین فاطمہ 9.86جی پی اے کو پچیس ہزار جبکہ انعام دوم کے حقدار سیدہ حفصہ 9.84اور سیدہ حفصہ مہدی 9.84کو فی کس پانچ ہزار اور سیدہ بشرا محمودی 9.69کو بھی پانچ ہزار روپئے کے نقد انعامات مہمانان خصوصی جناب عامر علی خان اور عظمت اللہ حسینی کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے ۔ سکندر اللہ خان کے شکریہ پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔