مسلم ٹیچر کا دیوی کی تصویر پر پھول نچھاور کرنے سے انکار

   

علی گڑھ : اترپردیش کے علی گڑھ ضلع کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ جہاں ایک پرائمری اسکول کے مسلمان ٹیچر نے دیوی سرسوتی کی تصویر کے سامنے پھول چڑھانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں اللہ کے سوا کسی کے سامنے سر نہیں جھکاتا’۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرل ہونے والا ویڈیو ضلع علی گڑھ کی تحصیل اگلاس کے گاؤں لکھتوئی کے پرائمری اسکول کا ہے۔ جہاں 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر جب اسکول کے تمام اساتذہ دیوی بھارت ماتا اور سرسوتی کی تصویر کے سامنے پھول چڑھا رہے تھے۔ اسی دوران وہاں کے ایک مسلم ٹیچر حسام الدین کو بھی ساتھی اساتذہ نے دیوی سرسوتی کو پھول چڑھانے کو کہا۔ لیکن انھوں نے انکار کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پہلے تو وہ طبیعت خراب ہونے کی بات کہی۔ جب ساتھی اساتذہ نے انھیں زبردستی کی تو حسام الدین نے سیدھا کہہ دیا کہ یہ میرے مذہب میں نہیں ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کے سامنے سر نہیں جھکاتے، صرف اوپر والے کے سامنے سر جھکاتے ہیں۔ اسی دوران کسی نے اس واقعہ کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ ٹیچر حسام الدین نے ویڈیو میں کہا کہ میں اللہ کے سوا کسی کے آگے سر نہیں جھکاتا۔