مسلم پرسنل لا بورڈ کے نومبر میں بنگلور میں سالانہ اجلاس عام کی تیاریاں

   

مولانا صغیر احمد رشادی کی صدارت میں استقبالیہ کمیٹی کی تشکیل، خصوصی اجلاسوں کے علاوہ عوامی جلسہ منعقد ہوگا
حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا دو روزہ سالانہ اجلاس عام 23 اور 24 نومبر کو بنگلور میں منعقد ہوگا۔ ملک کے موجودہ حالات کے پس منظر میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا یہ اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔ اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے بنگلور کے دارالعلوم سبیل الرشاد میں مشاورتی نشست کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کی۔ اجلاس میں کرناٹک کے ارکان بورڈ اور نمائندہ شخصیتوں نے شرکت کی۔ سالانہ اجلاس عام کیلئے مجلس استقبالیہ تشکیل دی گئی جس میں تمام مکاتب فکر مسالک، دینی و ملی جماعتوں اور تنظیموں کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔ مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے منعقد کئے جانے والے اجلاس کا ملک پر گہرا اثر مرتب ہوتا ہے اور اخلاص کے ذریعہ کئے جانے والے اعمال کی بڑی قدر و قیمت ہے۔ مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی سکریٹری بورڈ نے اجلاس عام کے انتظامی امور پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ بورڈ ملت اسلامیہ کا متحدہ و مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔ اجلاس عام کیلئے جو مجلس استقبالیہ طئے کی گئی ہے اس میں تمام جماعتوں اور تنظیموں و مکاتب فکر کو نمائندگی دی گئی۔ شرکائے اجلاس کی تجویز پر بعض ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ مجلس استقبالیہ کے کنوینر کی حیثیت سے امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد رشادی کا انتخاب کیا گیا۔ معاون کنوینرس کی ایک ٹیم بنائی گئی۔ بورڈ کے سالانہ اجلاس عام کے تحت خصوصی نشستیں ہوں گی اور ایک بڑا عوامی اجلاس بھی ہوگا جو ملک کے موجودہ حالات میں تاریخی نوعیت کا رہے گا۔ مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ ملک کے نازک حالات میں بورڈ کے مشن کو تقویت پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مولانا محمد مقصود عمران رشادی کی تلاوت قرآن سے اجلاس کا آغاز ہوا جبکہ مولانا فضل الرحیم مجددی نے آخر میں دعا کی۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں مولانا پیر تنویر ہاشمی، مولانا محمد مقصود عمران رشادی امام و خطیب جامع مسجد بنگلور، مفتی افتخار احمد قاسمی صدر جمعیۃ العلماء کرناٹک، ڈاکٹر سعد بیلگامی امیر جماعت اسلامی کرناٹک، جناب عاصم افروز سیٹھ ، ڈاکٹر عبدالقدیر خاں، جناب سراج ابراہیم سیٹھ ، جناب سلیمان خاں، جناب عبید اللہ شریف، جناب محب اللہ امین، جناب سید شاہد، مولانا وحید الدین خاں عمری، مولانا محمد شاکر اللہ رشادی اور دوسروں نے شرکت کی۔1