مسٹر پوٹن آپ ہمیں ڈرا نہیں سکتے،جوبائیڈن کا انتباہ

,

   

واشنگٹن:امریکی صدر جوبائیڈن نے روسی ہم منصب کی حالیہ تقریر کے بعد انہیں خبردار کردیا۔ روسی صدر پوٹن نے گزشتہ روز یوکرین کے 4 خطوں کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا اوراس موقع پر انہوں نے ان علاقوں کے دفاع کے لیے نیوکلیر ہتھیاروں کے استعمال کی بھی دھمکی دی۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ نے دوسری عالمی جنگ میں جاپان کے خلاف نیوکلیر ہتھیار استعمال کرکے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کے جن علاقوں سے الحاق کیا گیا وہ اب ہمیشہ روس کا حصہ رہیں گے۔ روسی صدر کے بیان پر امریکی صدر نے اپنے رد عمل میں پوٹن کو ایک لاپرواہ شخص قرار دیا اور کہا کہ پوٹن ہمیں ڈرا نہیں سکتے، امریکہ اور اس کے اتحادی خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ وائٹ ہاس میں تقریب سے خطاب کے دوران جوبائیڈن نے روسی صدر کو وارننگ دی اور براہ راست پوٹن کو مخاطب کرتے ہوئے انگلی کیمرے کی طرف کی۔ جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنے ناٹو اتحادیوں کے ساتھ ناٹو کی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہے، پوٹن آپ اسے غلط مت سمجھیں جو میں کہہ رہا ہوں، ایک انچ۔ ناٹو کے سیکرٹری جنرل نے روس کے اس الحاق کوانتہائی سنگین قرار دیا ہے۔