مس انگلینڈبھاشا مکرجی بحیثیت ڈاکٹر خدمات انجام دینے انگلینڈ واپس

,

   

لندن۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مس انگلینڈ 2019ء بھاشا مکرجی نے کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے اقدامات کے بیچ بحیثیت ڈاکٹر خدمات پر رجوع ہوگئی ہیں۔ حال ہی میں وہ ہندوستان کے دورہ پر تھیں، لیکن کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے وہ لندن واپس ہوگئیں۔ کولکتہ سے تعلق رکھنے والی بھاشا مکرجی کو گزشتہ سال اگست میں ’’مس انگلینڈ‘‘ کے خطاب سے نوازا گیا تھا۔ یہ اعزاز ملنے کے بعد فلاحی کاموں پر توجہ دینے کیلئے اپنے میڈیکل کیریئر کو انہوں نے کچھ عرصہ کیلئے چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کردیا۔ فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے 24 سالہ بھاشا مکرجی نے کہا کہ یہ اہم فیصلہ ہے۔ وہ آفریقہ اور ترکی کا دورہ کرچکی ہیں، ہندوستان پہلا ایشیائی ملک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی اور ممالک کا دورہ ان کے پروگرام میں شامل تھا لیکن اس وباء کے پیش نظر انہوں نے اپنے دورہ کو مختصر کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حالات میں ان کیلئے بہتر مقام ہاسپٹل ہوگا۔ انگلینڈ واپسی پر وہ ایک یا دو ہفتوں کیلئے سیلف کورنٹائن میں ہوں گی ، اس کے بعد پلگریم ہاسپٹل میں خدمات انجام دیں گی۔