مس انگلینڈ کے ساتھ بدسلوکی کرنے والوں قائدین کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

   

21 ہزار کروڑ بلاسودی قرض جاری کرنے کا دعویٰ جھوٹا، چیف منسٹر کو کھلے مباحث کا ہریش راؤ کا چیلنج
حیدرآباد 2 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق وزیر ہریش راؤ نے مس انگلینڈ کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے کانگریس کے 2 قائدین اور ایک آئی اے ایس آفیسر کی سی سی فوٹیج ویڈیو اور دیگر تفصیلات منظر عام پر لانے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا۔ تلنگانہ بھون میں آج خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہاکہ حیدرآباد میں مس ورلڈ مقابلے منعقد کئے گئے۔ اِن مقابلوں میں حصہ لینے والی انگلینڈ کی ملی میاگی اُن کے ساتھ کی گئی قابل اعتراض حرکت پر احتجاجاً مقابلہ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے وطن واپس ہوگئیں۔ ہریش راؤ نے کہاکہ میڈیا اور سوشل میڈیا میں چیف منسٹر کے دو قریبی دوست ایک رکن راجیہ سبھا اور ایک کارپوریشن کے صدر کے علاوہ ایک آئی اے ایس آفیسر کی جانب سے مس انگلینڈ کے ساتھ بدتمیزی کرنے کی خبریں آرہی ہیں۔ ان خبروں سے ریاست تلنگانہ کی عزت نیلام ہوئی ہے لہذا چیف منسٹر اِس واقعہ کی سی سی فوٹیج ویڈیو منظر عام پر لائیں اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔ ہریش راؤ نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج پریڈ گراؤنڈ پر تلنگانہ یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کو 21 ہزار کروڑ روپئے بلاسودی قرض دینے کا دعویٰ کیا ہے جو سراسر جھوٹ ہے۔ اُنھوں نے چیف منسٹر سے کھلے مباحث کا چیلنج کیا اور کہاکہ اگر خواتین کو 21 ہزار کروڑ روپئے بلاسودی قرض جاری کیا گیا ہے تو اُس کا ثبوت پیش کریں تو وہ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کیلئے تیار ہیں بصورت دیگر چیف منسٹر کو یہ ذمہ داری قبول کرنی پڑے گی۔ ہریش راؤ نے پولیس کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ بی آر ایس پارٹی قائدین اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمے درج کررہی ہے۔ ایسے پولیس عہدیداروں کے نام ڈائری میں لکھے جارہے ہیں۔ بی آر ایس اقتدار میں آنے کے بعد ایسے پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ہریش راؤ نے کہاکہ بی آر ایس پارٹی اس طرح ڈرانے دھمکانے سے خوفزدہ ہونے والی نہیں بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتی ہے۔ بی آر ایس پارٹی ریاست میں اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے۔ حکومت کی ناکامیوں اور غلطیوں کو عوام کے سامنے پیش کررہی ہے۔2