مس ورلڈ 2025ء مقابلہ کا آغاز، ریمپ پر حسیناؤں کی پریڈ

   

سماجی مسائل پر مختصر خطاب، دو روزہ شیڈول کے بعد مس ورلڈ کا انتخاب
حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) مس ورلڈ 2025ء خطاب کیلئے دنیا کے 109 ممالک کی حسیناؤں کے درمیان مقابلہ کا آج سے آغاز ہوگیا۔ حیدرآباد کے ٹی ہب میں 72 ویں مس ورلڈ فیسٹیول کا آج سے آغاز ہوا جس میں حسیناؤں کو مختلف زمرہ جات میں منتخب کرتے ہوئے آخر میں مس ورلڈ کا انتخاب کیا جائے گا۔ مس ورلڈ مقابلہ کو دنیا بھر میں مختلف نیوز چیانلس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر لائیو پیش کیا جارہا ہے۔ دو روزہ مقابلہ حسن کے کوریج سے میڈیا کو دور رکھا گیا ہے۔ عالمی حسیناؤں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا اور آج پہلے گروپ میں شامل ممالک کی حسیناؤں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ امریکی، افریقی اور کیریبین ممالک کی حسیناؤں نے آج ریمپ پر اپنے حُسن کے جلوؤں کو بکھیرا اور ججس کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔ مقابلہ کا مشاہدہ کرنے والوں نے عالمی حسیناؤں کو بھرپور داد دی۔21 مئی کو یوروپی، ایشیائی اور اوشیانا ممالک کی حسینائیں ریمپ پر اپنے حُسن کے جلوے بکھیرتے ہوئے خود کو مس ورلڈ کے ٹائٹل کے دعویدار کے طور پر پیش کریں گی۔ مس ورلڈ مقابلہ کے منتظمین نے مقابلہ حُسن کو دنیا بھر میں خواتین کے امپاورمنٹ کے پیام کے طور پر پیش کیا ہے۔ ہر شعبہ میں خواتین کی مناسب حصہ داری کے پیام کے ساتھ ہر سال مقابلہ حسن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ عالمی کمیٹی انتظامات کی نگرانی کررہی ہے اور تلنگانہ حکومت نے مقابلہ کے شاندار انعقاد کیلئے غیرمعمولی انتظامات کئے۔ عالمی حسیناؤں کو مس ورلڈ کا تاج حاصل کرنے کیلئے مختلف مراحل طے کرنے ہیں جس میں ایک اہم مرحلہ اُن کی مختصر تقریر کا ہے۔ اِس کے علاوہ وہ ججس کے سوالات کے جواب بھی دیتے ہیں۔ مختصر خطاب میں حسینائیں دُنیا بھر میں سماج اور خاص طور پر غریبوں کو درپیش مسائل کا احاطہ کرتے ہوئے اُن کی یکسوئی کیلئے اپنے عزم کا اظہار کرتی ہیں۔ اختتامی تقریب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور گورنر جشنودیو ورما کی شرکت متوقع ہے۔1