راجیہ سبھا میں مسلسل شوروغل اور کارروائی میں خلل پر صدرنشین کا اظہار ناراضگی
نئی دہلی ۔ /2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)صدرنشین راجیہ سبھا این وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ قوم مختلف سیاسی پارٹیوں کے مابین مشترک پارلیمانی ایجنڈے کے بغیر طاقتور بن کر نہیں ابھرسکتی ۔ وہ پارلیمنٹ ہاؤز میں مختلف پارٹیوں کے سینئر قائدین کی موجودگی میں راجیہ سبھا کیلنڈر 2019 ء کی اجرائی کے بعد مخاطب تھے ۔ انہوں نے ایوان بالا میں لگاتار خلل اندازی کا حوالہ دیا اور بتایا کہ راجیہ سبھا کے 12 سابقہ صدور نشین نے ایوان کی موثر کارروائی کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ تعمیرقوم میں حصہ ادا کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں قومی ایجنڈہ میں مختلف ایجنڈے گھسادینے پر تکلیف ہوتی ہے ۔ کوئی بھی قوم مشترک پارلیمانی ایجنڈے کے بغیر طاقتور نہیں ہوسکتی ۔ راجیہ سبھا ڈپٹی چیرمین ہریونش ، ایوان کے لیڈر اور وزیر فینانس ارون جیٹلی اور اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ نائیڈو نے کہا کہ پارلیمانی اداروں کو مسابقتی ایجنڈوں کا یرغمال نہیں بنایا جاسکتا ۔