حیدرآباد۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن راجندر نگر کا مراسلہ موصول ہوا جس میں مقتول محمد اقبال سابقہ نام پرمود عمر 40 سال پیشہ Jain channel رپورٹر کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ محمد اقبال بنارس اترپردیش کے رہنے والے تھے جو گزشتہ دو سال سے گولکنڈہ کے علاقہ میں مقیم تھے۔ واقعات کے بموجب مقتول کو قتل کرنے کے بعد رسیوں سے باندھ کر دریائے عیسیٰ میں ڈال دیا گیا تھا۔ پولیس کو اطلاع ملنے پر پولیس نے نعش کو حاصل کرلیا اور ملزمین کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے رجوع ہوکر تدفین کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ مزید 9 درخواستیں تدفین کی غرض سے موصول ہوئیں۔ ان مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے قبرستان کوکٹ پلی میں ان کی تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا حافظ و قاری سید شاہ انعام الحق قادری امام و خطیب مسجد افضل گنج نے پڑھائی۔ اس موقع پر سکندرآباد کی رہنے والی خاتون بشریٰ تبسم نے جو اپنے شوہر سید عبدالمنان کے ساتھ حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں کہا کہ ہم نے اللہ پاک سے دعا کی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ عازمین کا حج قبول فرمائے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میدان عرفات میں جو دعائیں کی تھیں اس میں ہمارا حصہ بھی رکھے۔ انہوں نے خاص طور پر ان مرحومین کو یاد کیا جن کا کوئی رشتہ دار نہیں ہے۔ انہوں نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کے لئے بھی دعا کی اور زاہد علی خان صاحب کی صحت اور عمر میں اضافہ کے لئے دعا کی۔ ادارہ سیاست نے بھی ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔