مشرقی دہلی : بیٹی کی قبر پر فاتحہ پڑھنے آئے شخص کا گولی مارکر قتل ، تحقیقات جاری 

,

   

نئی دہلی : شمال مشرقی دہلی کے ویلکم قبرستان کا پر سکون ماحول آج اس وقت ہنگامہ میں تبدیل ہوگیا جب بعد نماز جمعہ بیٹی کی قبر پر فاتحہ پڑھنے آئے محفوظ نامی ۳۰؍ سالہ نوجوان پر نامعلوم بد معاشوں نے اندھا دھند گولیاں برساکر موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ اطلاع ملتے ہی دہلی پولیس موقع واردات پر پہنچ گئی اور لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیا ۔ مانا جارہا ہے کہ گینگ وار کا معاملہ ہوسکتا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ماتا ویلکم چوک پر اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ رہنے والا محفوظ اپنی بیٹری رکشہ کرایہ پر دے کر اپنی گرہستی چلایا کرتا تھا ۔ اس کے رشتہ داروں نے بتایا کہ بظاہر اس کا کسی کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں تھا اور اس ملنا جلنا بھی غلط افراد کے ساتھ نہیں تھا ۔ وہ ہر جمعہ اپنی لڑکی کی قبر پر جایا کرتا تھا جو ایک سال قبل انتقال کرگئی ۔ آج حسب معمول وہ نماز کے بعد قبرستان پہنچا جہاں اس کے ساتھ یہ المناک واقعہ پیش آیا ۔

جب کہ اس وقت دوسرے افراد بھی موجود تھے لیکن حملہ آور اپنا کام کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ سارا علاقہ غم و غصہ میں ڈوبا ہوا ہے ۔ پولیس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔