مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ ، ایران میں اموات

   

بغداد ۔ /21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مشرق وسطیٰ کے کئی حصوں میں جمعہ کو کورونا وائرس کے نئے معاملے سامنے آئے جبکہ ایران میں یہ وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے جہاں حکام کا کہنا ہے کہ اس مرض کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہوچکی ہے ۔ اس تناظر میں تمام مشرق وسطیٰ میں چوکسی بڑھادی گئی ہے اور کئی ملکوں نے سفری امتناع عائد کردیا ہے ۔ ڈسمبر سے سارس جیسا وائرس چین میں جو اس وباء کا مرکز ہے ، زائد از 2200 جانیں لے چکا ہے ۔ دنیا کے دیگر حصوں میں اس کی وجہ سے ایک درجن سے زائد اموات ہوئیں اور یہ پھیل کر تقریباً 27 ممالک کو پریشان کررہا ہے ۔ مشرق وسطیٰ میں دیکھیں تو ایران میں دو ضعیف آدمیوں کو اس مہلک وائرس نے شکار بنایا ۔ یہ وائرس متحدہ عرب امارات ، مصر ، اسرائیل اور لبنان میں بھی پھیل چکا ہے ۔ ایران کی وزارت صحت نے جمعہ کو مزید دو اموات کی اطلاع دی۔ وہاں پر 13 نئے معاملوں کی تشخیص ہوئی ہے ۔