برمنگھم5 ستمبر (ایجنسیز) مائیک ہیسن نے اعتراف کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کیے جانے کے بعد حالات بہت تیزی سے تبدیل ہوئے ہیں۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ہیسن کو اچانک پاکستان کے ٹیسٹ نظام میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کو ’’مشکل‘‘ اور ’’افسوس ناک‘‘ قرار دیا ہے۔ کرک انفو کے مطابق ہیسن نے یہ بھی بتایا کہ وہ فی الحال عبوری کوچ کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 9 ستمبر سے شروع ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ سے قبل اپنے ٹیسٹ نظام میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ پہلے دو ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں بھاری شکست کے بعد پاکستان نے اپنے تقریباً نصف اسکواڈ کو تبدیل کر دیا ہے جبکہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔یہ تبدیلیاں پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست کے بعد کی گئیں۔ اس شکست کے نتیجے میں انگلینڈ نے سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔